عِشق کی چِنگاری

in #love8 years ago

ایک شخص کسی عاشِِق درویش کی خدمت میں جاتا،ان کی صُحبت میں بیٹھا رہتا اور اپنی کوئی مُراد یا حاجت پیش نہ کرتا۔

ایک روز وہ درویش پوچھنے لگے کہ

تم روزانہ آتے ہو اور بیٹھ کر چلے جاتے ہو،ہر کوئی اپنی مُراد اور حاجت پیش کرتا ہے، دُعا کے لیے کہتا ہے مگر تم نے کبھی کچھ نہیں کہا،آخر تم کس لیے آتے ہو؟

وہ شخص کہنے لگا کہ :

حضور! میں تو عِشق کی چِنگاری لینے آتا ہوں، میں فقط یہ چاہتا ہوں کہ مجھے عِشق کی آگ لگ جائے۔

یہ سُن کر مردِ درویش چُپ ہو رہے۔


کچھ دِنوں بعد انہوں نے دوبارہ پوچھا، اس شخص نے کہا کہ:

میرا تو بس ایک ہی مطالبہ ہے۔

وہ بزرگ پِھر چُپ ہو رہے۔


اسی طرح کچھ دِنوں کے بعد انہوں نے پِھر پوچھا تو اس نے اپنا مطالبہ دہرایا کہ:

مجھے عِشق کی چنگاری چاہیے اور کچھ نہیں چاہیے۔

اس پر وہ بزرگ کہنے لگے کہ:

کل جنگل میں فلاں جگہ جانا وہاں ایک شخص پڑا ہُوا نظر آئے گا۔ اگلے دِن آ کر مجھے اس کی حالت بتانا۔


اگلے دِن وہ شخص جنگل میں اس مقام پر گیا تو دیکھا کہ:

وہاں ایک شخص پڑا ہُوا ہے جس کا سر،بازو اور ٹانگیں دھڑ سے جُدا پڑے تڑپ رہے ہیں اور خون کے فوارے نِکل رہے ہیں۔

یہ حالت دیکھ کر وہ شخص واپس بزرگ کے پاس آیا اور لوگوں کے جانے کے بعد بزرگ سے کہنے لگا کہ:

میں نے دیکھا ہے اس شخص کا ہر عضو دھڑ سے جُدا ہے اور تڑپ رہا ہے۔

یہ سُن کر اس درویش نے کہا

عاشِقوں کا یہ حال ہوتا ہے اگر یہ حال قبول ہے تو عِشق کی چِنگاری دے دیتے ہیں۔


تبصرہ:-

وہ لوگ جو عِشق و محبّت کا دعویٰ نہیں کرتے ان سے محبوب اور طرح پیش آتا ہے اور جب وہ عِشق محبّت کا دعویٰ کریں تو محبوب کا وطیرہ بدل جاتا ہے۔اب وہ اور طرح آزماتا ہے۔انہی عِشق و محبّت والوں کے بارے میں 


اِرشادِ خداوندی ہے:

ﻭَ ﻟَﻨَﺒْﻠُﻮَﻧَّﮑُﻢْ ﺑِﺸَﻲْﺀٍ ﻣِﻦَ ﺍﻟْﺨَﻮْﻑِ ﻭَ ﺍﻟْﺠُﻮﻉِ ﻭَ ﻧَﻘْﺺٍ ﻣِﻦَ ﺍﻟْﺄَﻣْﻮﺍﻝِ ﻭَ ﺍﻟْﺄَﻧْﻔُﺲِ ﻭَ ﺍﻟﺜَّﻤَﺮَﺍﺕِ۔

'' اور ہم تم کو کچھ خوف سے،کچھ بُھوک سے،کچھ مالوں،جانوں اور پھلوں کے نُقصان سے آزمائیں گے۔ ''

( سورۃ البقرۃ،آیت : 155 )


جو عِشق و محبّت کا دعویٰ کرتے ہیں انہیں آزمائش کی بھٹّی پر چڑھا دیا جاتا ہے اور خوف و بُھوک کے ساتھ مال و جان اور دوسری نعمتوں میں کمی کر کے آزمایا جاتا ہے تاکہ معلوم ہو کہ:

'' یہ لوگ اپنے دعویٰ محبّت میں کہاں تک سچّے ہیں۔ ''


Image Source : fondosypantallas

Coin Marketplace

STEEM 0.08
TRX 0.30
JST 0.035
BTC 109898.79
ETH 3868.27
USDT 1.00
SBD 0.57